شیواجی نگر حلقہ کے عوام کی خدمت میرے لئے خوش قسمتی کا باعث: روشن بیگ
بنگلورو15؍جولائی(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے شہری ترقیات جناب روشن بیگ کے جنم دن کے موقع پر ان کے حامیوں کی طرف سے مبارکبادیوں کا سلسلہ کل رات سے آج شب تک مسلسل چلتا رہا۔ کل شب بھارتی نگر کے کارپوریٹر شکیل احمد کی طرف سے شیواجی نگر کے چوک میں ایک زبردست تقریب کا اہتمام کیا گیا، رات ٹھیک بارہ بجے بڑے پیمانے پر آتش بازی اور کیک کاٹنے کا اہتمام کیاگیا۔ دوسری طرف آج صبح جناب روشن بیگ کی رہائش گاہ پر بڑی تعداد میں ان کے حامیوں نے پہنچ کر انہیں مبارکباد دی۔ وکاس سودھا کے سرکاری دفتر میں بھی متعدد سرکاری افسران اور مختلف نمائندوں کی طرف سے جناب روشن بیگ کو مبارکبادیاں دینے کا تانتا بندھا ہوا تھا۔ بعد نماز عصر جناب روشن بیگ نے شہر کی معروف درگاہ حضرت توکل مستان ؒ میں حاضری دی اور شام میں نامزد کارپوریٹر مرگا کی طرف سے جناب روشن بیگ کے جنم دن کے موقع پر غرباء میں مختلف سہولیات کی تقسیم کا ایک جلسہ منعقد کیا گیا۔ چوک میں جنم دن کی تقریب سے مخاطب ہوکر جناب روشن بیگ نے کہاکہ وہ جنم دن کے اہتمام کے قائل نہیں ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ حلقہ کی ترقی کیلئے جو کچھ ہوسکے کریں۔ عوام کے تعاون اور کوششوں سے انہوں نے اپنے حلقہ میں آنے والے بورنگ اسپتال میں سرکاری میڈیکل کالج کے قیام کی منظوری حاصل کرلی ہے۔ امید ہے کہ اگلے تعلیمی سال سے یہاں باضابطہ 150 سیٹوں پر مشتمل سرکاری میڈیکل کالج قائم ہوجائے گا۔ اس کالج کے قیام سے شیواجی نگر اور آس پاس کے علاقوں کے لوگوں کو کافی مدد ملے گی اور یہاں کے بچے گھروں سے قریب ہی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا موقع پائیں گے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے حضرت کمبلپوش روڈ پر نارائن ہردالیہ کے اشتراک سے ایک عالیشان ہارٹ اسپتال کی تعمیر کا کام شروع کروایا ہے۔ یہ کام بہت جلد مکمل ہوگا اس اسپتال کی تعمیر کے ساتھ ہی امراض قلب میں مبتلا لوگوں کو مناسب شرحوں پر علاج کی سہولیات اور سنگین حالات میں قلب کے آپریشنوں کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانان بنگلور کا ایک دیرینہ خواب حج گھر رہا ہے۔ 1996 میں راست حج پروازوں کی شروعات کے بعد سے ہی شہریان کرناٹک بالخصوص بنگلور والوں کی یہ دلی تمنا تھی کہ اس شہر میں ایک عالیشان حج ہاؤز تعمیر ہو۔ خدا نے اس تمنا کو پورا فرمایا ہے۔ مضافات شہر ہیگڈے نگر میں عالیشان حج ہاؤز کی تعمیر کا کام تکمیل کے مراحل میں پہنچ چکا ہے۔امسال عازمین حج کی روانگی اسی نئے حج ہاؤز سے کرانے کیلئے انتظامات جاری ہیں۔ انہوں نے عوام سے گذارش کی کہ دعا کریں کہ جلد از جلد ان تمام انتظامات کو پورا ہونے میں اﷲ کی مدد مل جائے۔ انہوں نے کہاکہ شیواجی نگر کی گلیوں میں کھیل کود کر وہ بڑے ہوئے ہیں ،اس حلقہ کے عوام کو وہ کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ حلقہ کی ترقی یا کسی بھی مسئلے میں عوام ان سے رجوع ہوں ہمہ وقت وہ ان کی مدد کیلئے حاضر ہونا اپنے لئے باعث خوش قسمتی سجھیں گے۔ جناب روشن بیگ کے فرزند رومان بیگ نے اپنے مختصر خطاب میں شیواجی نگر کے عوام کی طرف سے روشن بیگ سے جو والہانہ لگاؤ اور محبت کا اظہار کیا جارہا ہے اس کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ جنم دن تقریب کے اہتمام میں وہ ایک ریاستی وزیر کے فرزند نہیں، شیواجی نگر کے عام آدمی کی طرح آئے ہوئے ہیں۔ کارپوریٹر شکیل احمد نے حلقہ کی ہمہ جہت ترقی کیلئے جناب روشن بیگ کی مسلسل خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر متعدد عمائدین اور مقامی قائدین نے جناب روشن بیگ کو جنم دن کی مبارکباد دی۔